پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت تسلی بخش ہے، معینہ مدت میں اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے.جناح میڈیکل کمپلیکس میں تمام تر تقرریاں میرٹ پر شفاف طریقے سے کی جائیں.وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے اسپتال، جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیلس اسلام آباد سمیت پورے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو علاج کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کرے گا. انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو چلانے کیلئے نجی ادارے کی خدمات لی جائیں جو عالمی سطح پر بہترین معیار کی علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے. جناح میڈیکل کمپلیکس میں کم آمدن و متوسط طبقے کو تشخیص کی جدید سہولیات فراہم کی جائے. وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پیٹس اسکین و دیگر جدید تشخیصی سہولیات کو منصوبے کا کلیدی حصہ بنایا جائے. اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر (JMCRC-I) پر مجموعی طور پر 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی ہسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل ہے۔ 403 بستروں پر مشتمل اس منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ طبی آلات کی تنصیب و دیکھ بھال، ہسپتال کے ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم اور دیگر انتظامی امور پر بھی پیش رفت جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایچ-11 میں جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کے فیز ٹو منصوبے پر نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بِڈنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائیگا۔ منصوبے کے لیے جدید تشخیصی مشینری و اسکینرز کی خریداری پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
