پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکولز ملک کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ دانش سکولز کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا، دانش اسکولز میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولز کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔ وزیراعظم کی جانب سے دانش اسکولز کی بروقت تکمیل کے لئے تعمیر کا کام تیز کرنے اور تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولز میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) پر مبنی جدید طریقہ کار اپنایا جائے ۔ وزیراعظم نے دانش اسکولز کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے وزارت مواصلات کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں تک آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ضم شدہ اضلاع (Ex-FATA) میں دانش سکولوں کی تعمیر کے لیے حکمت عملی جلد از جلد پیش کی جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش سکولوں کی تعمیر کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
