پاکستان نیوز پوائنٹ
روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر متعدد حملے کیے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے حملے کے دوران 24 بیلسٹک میزائل، چار اینٹی شپ میزائل اور 115 ڈرون داغے جن میں سے ملکی فضائی دفاعی نظام نے 98 ڈرون تباہ کر دیے۔یوکرین پر روس کے ان فضائی حملوں میں رہائشی عمارتوں، ریلوے اسٹیشن، گودام اور دیگر شہری تنصیبات نشانہ بنایا جبکہ کئی مقامات پر شدید آگ بھی بھڑک اٹھی۔رہائشی عمارتیں منہدم ہوگئیں اور منوں مٹی تلے درجنوں افراد دب گئے جنھیں نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جب کہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔دارالحکومت کیف کے میئر نے خدشہ ظاہر کیا کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں جہاں 3 افراد کی ہلاکت اور 16 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دارالحکومت کے گرد و نواح میں 18 افراد جان سے گئے اور 29 زخمی ہوئے۔اس طرح روس کے یوکرین پر ان تازہ حملوں میں مجموعی طور پر 17 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ روس کے اس حملے کو رواں برس کیف پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملے کے بعد اپنے بیان میں شکوہ کیا کہ اگر اتحادی ممالک بیلسٹک میزائل روکنے والے انٹرسیپٹر بروقت فراہم کرتے تو بہت سی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔انھوں نے نیٹو رکن ممالک کا نام لیے بغیر کہا کہ یوکرینی فوج کو فضائی دفاعی نظام کی فراہمی میں تاخیر پر بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ رواں برس اتحادی ممالک کے میزائل انٹرسیپٹرز فراہم نہ کرنے سے روسی حملوں کا مقابلہ کرنا مزید مشکل ہو گیایاد رہے کہ یوکرین کئی ماہ سے امریکا سے مزید پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ان کے انٹرسیپٹر میزائلوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔ادھر روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں کیف اور اس کے اطراف موجود ایسے لاجسٹک مراکز اور سپلائی ڈپو نشانہ بنائے گئے جہاں ہتھیار، فوجی سازوسامان اور ڈرون محفوظ کیے جا رہے تھے۔روس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بحیرہ اسود میں اوڈیسا کی بندرگاہ کے قریب تین کارگو جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر فوجی سامان لے جا رہے تھے۔ادھر یوکرین نے بھی روسی علاقوں پر ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ روس کے علاقے تولا کے گورنر دمتری ملیایف نے بتایا کہ ایک یوکرینی ڈرون ای کامرس کمپنی وائلڈ بیریز کے گودام سے ٹکرا گیا۔ جس سے آگ لگ گئی۔اس واقعے میں ایک روسی شہری زخمی بھی ہوا تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ قبل ازیں دارالحکومت ماسکو کے قریب گوداموں پر حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔دریں اثنا یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیین نے اعلان کیا کہ منجمد روسی اثاثوں سے حاصل ہونے والے 1.4 ارب یورو یوکرین کو فراہم کیے جا رہے ہیں، جنہیں جنگی ضروریات اور دفاعی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
