پاکستان نیوز پوائنٹ
اقوام متحدہ کے مطابق سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث صرف تین دنوں کے دوران دس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ یہ صورتحال شمالی دارفور اور جنوبی کردفان کی ریاستوں میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم) کے مطابق شمالی دارفور کے شہروں ام برو اور کرنوی سے سات ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جن پر حالیہ دنوں میں آر ایس ایف نے قبضہ کر لیا تھا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنوبی کردفان میں بھی حالات انتہائی سنگین ہیں، جہاں کادوقلی شہر سے تین ہزار سے زائد افراد فرار ہو گئے۔ یہ شہر اس وقت فوج کے کنٹرول میں ہے جبکہ آر ایس ایف نے اس کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔
