پاکستان نیوز پوائنٹ
نادرا نے شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کروانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے نئی اور آسان ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان نادرا کے مطابق پتہ تبدیلی کے عمل کو پہلے سے کہیں زیادہ سہل بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو درست اور اپ ڈیٹ رکھ سکیں۔ ہدایات کے مطابق پتہ تبدیل کرانے کے لیے شہریوں کو اپنی رہائش ثابت کرنے کے لیے ایک مستند دستاویز فراہم کرنا ہوگی۔ والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت والے پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل قابل قبول دستاویز مانا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہاؤسنگ سوسائٹی کا الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی بطور ثبوت جمع کروایا جا سکتا ہے۔ نادرا کا کہنا ہے کہ شہری متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ ملک بھر میں موجود قریبی نادرا مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں عملہ انہیں پتہ تبدیلی کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کرے گا اور رہنمائی فراہم کرے گا۔
