پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان چیلنجزسے محفوظ نہیں لیکن ہم بے بس بھی نہیں، اتحاد ،استقامت، تخلیقی صلاحیت سے مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سال نو کے موقع پر پیغام میں کہا کہ تمام اہلیان وطن کو نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں، 2025ء دفاع وطن کے اعتبار سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے معرکہ حق میں تاریخ رقم کی، پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ناقابل تسخیر دفاع کیا، قوم افواج کے ساتھ ملکر ملک کے دفاع میں ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد حملوں میں مادر وطن کیلئے جان قربان کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، حکومت ملک کی معاشی خوشحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حالیہ معاشی اشاریوں میں بہتری حکومت کی درست اور مثبت سمت کی عکاس ہے۔
