پاکستان نیوز پوائنٹ
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے تباہ کرنے اور خودکش دہشت گرد سمیت سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کے تحفظ کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں تسلسل کے ساتھ حاصل کی جا رہی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی کے خلاف سرگرم عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
