پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں سی پیک، علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی روابط کے فروغ، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی صورتِ حال پر تبادلہ خیال، پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
