وزیر اعظم سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال

پاکستان نیوز پوائنٹ
سنگاپور کے وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے آج اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے سنگاپور کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔وزیر اعظم نے سنگاپور کی شاندار اقتصادی تبدیلی، جدت اور ترقی کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ اپنی شراکت داری کو دو طرفہ اور آسیان (ASEAN) کے پلیٹ فارم کے ذریعے، کثیر الجہتی سطحوں پر اہمیت دیتا ہے۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) اور سروسز کے شعبہ شامل ہیں۔ انہوں نے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے لیے نئے راستے تلاش کرنے اور عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *