پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور کاروباری افراد کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد کے اجلاس میں حکومتی اقدامات پر پیشرفت اور کاروباری شعبے کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کاروباروں کی برآمدات بڑھانے کیلئے سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آج کی ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے برآمدات کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے عوام میں آگاہی بڑھانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سہولت سینٹرز کا پائلٹ منصوبہ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں شروع کیا جائے۔ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد ان سینٹرز کو بتدریج ملک کے تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے رہنمائی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کولڈ اسٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل بھی جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے بتایا کہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ایس ایم ای سیکٹر اور نئے برآمد کنندگان کیلئے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے مخصوص ہوگی، جس کے حوالے سے ایگزم بینک سرکلر بھی جاری کر چکا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو عالمی برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کے دوران وفد کے شرکاء نے کاروبار کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور مزید تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے قابل عمل تجاویز پر غور اور ان پر عمل درآمد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی، جو اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

