پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ۔صدارتی محل میں90 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کیلیے ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، وزیر داخلہ سکندرمومنی بھی موجود تھے۔ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدارتی محل میں تین گھنٹے گزارے۔ایرانی صدر نے کہا اسلامی ممالک جتنے زیادہ متحد ہوں گے۔تسلط کی خواہشمند طاقتوں کی جانب سے بیرونی جارحیت کے امکانات اتنے ہی کم ہوں گے۔انھوں نے خطے کے ممالک خصوصاً ہمسایہ ممالک پر زور دیا وہ اتحاد اور باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ خطے سے باہر کی طاقتوں کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنایا جا سکے۔ محسن نقوی کا یہ دوران ایران اور امریکہ میں ڈیڈلاک ختم کرنیکی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ۔ باقر قالیباف نے کہا حالیہ جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہونا چاہئے۔حالیہ واقعات سے ظاہر ہے کہ خطے میں امریکی موجودگی سیکیورٹی کے فقدان کی وجہ ہے۔خطے میں امریکی موجودگی سکیورٹی کو نقصان پہنچانے کا راستہ ہموارکرتی ہے۔خطے کے ممالک کو اعتماد اور تعاون کے ذریعے سیاسی اور سکیورٹی تعاون کا راستہ ہموار کرنا چاہیے۔
