پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ملاقات میں معیشت مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کیلئے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف کے کردار کی تعریفوزیراعظم نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری مزید مستحکم بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو سراہا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کیساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم نے مالیاتی نظم وضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا اور معاشی اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی، معاشی استحکام کیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
