پاکستان نیوز پوائنٹ
پنجاب حکومت نے یوم تکبیر کے موقع پر صوبے بھر کے اسکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مراسلے میں کہاگیا ہے کہ 28 مئی کو تمام سرکاری اسکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران خصوصی پروگرامز، ملی نغمے، اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تقریری مقابلے، آرٹ نمائشیں اور ملی نغموں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، جو ضلعی سطح پر ہوں گے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر مقابلے جیتنے والے طلبہ کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، جس سے نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ یوم تکبیر کی اہمیت بھی اجاگر کی جائے گی۔ مزید یہ کہ یوم تکبیر کے خصوصی پروگرامز کے اختتام پر گرمیوں کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان بھی کیا جائے گا۔
