پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو 3 ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ

پاکستان نیوز پوائنٹ
سماجی تحفظ پروگرام کے تحت پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے سہ ماہی 3 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے بورڈ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس میں 8 لاکھ 85 ہزار بچوں اور دیہی خواتین کے لیے نئی نقد امداد کی منظوری دی گئی جبکہ ابتدائی بچپن کی نشوونما کے لیے 14 ارب روپے کے بڑے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس پروگرام کے تحت پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے سہ ماہی 3 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بچوں کی نشوونما کی باقاعدہ نگرانی، غذائیت سے متعلق رہنمائی اور تعلیمی تیاری کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دیہی خواتین کو غیر پیداواری عرصے میں ماہانہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ استحکام فنڈ کا مقصد دیہی خواتین کو قرضوں کے بوجھ اور غذائی عدم تحفظ سے بچانا ہے۔ بریفنگ کے مطابق ممتا پروگرام کو 22 اضلاع تک فعال کیا جا چکا ہے جس سے 10 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ 56 ارب روپے کے بجٹ سے مختلف سماجی تحفظ پروگرام جاری ہیں۔ بورڈ نے ماؤں کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے نیا ہائبرڈ پیمنٹ ماڈل بھی منظور کیا، جبکہ حمل اور کم عمر بچوں کے لیے مکمل اور جزوی ادائیگیوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد کے پسماندہ علاقوں تک پروگرام کی توسیع، مزید 7 اضلاع کو ممتا پروگرام میں شامل کرنے، اور ضلع و تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں “ممتا ڈیسک” قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مزید برآں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آڈٹ، انسانی حقوق، قانونی اور تحقیقاتی کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 2.29 ارب روپے کا بجٹ بھی منظور کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کمزور خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور صحت، غذائیت اور مالی استحکام کو یکجا کر کے صوبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *