پاکستان نیوز پوائنٹ
ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئےقابلِ تقلید مثال ہے،وزیراعظم شہباز شریف کا ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین، قومی ہیرو کی شاندار فتح پر ارشد ندیم اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اپنے پیغا م میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال ہے، اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ مستقبل میں آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے, آمین ! جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جب کہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔ ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، انہوں نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔ چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔
