اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر فضائی حملے کردیئے ایران کے درجنوں جوہری پروگرام اور دیگر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے

پاکستان نیوز پوائنٹ
اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر فضائی حملے کردیئے، جس میں ایران کے درجنوں جوہری پروگرام اور دیگر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔جس کے بعد کسی ممکنہ ایرانی ردعمل کے پیشِ نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن سے کئی رہائشی علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ رپورٹس کے مطابق، ان حملوں میں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ نطنز کے قریب واقع ایرانی جوہری تنصیب کے آس پاس بھی کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔ سرکاری ایرانی ٹی وی کے مطابق، ملک بھر میں فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ایرانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی قیادت نے سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ادھر، اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کے خلاف احتیاطی ضرب مار چکا ہے۔ ان کے بقول، ملک بھر میں سول دفاع کے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ممکنہ حملوں کے خدشے کے باعث سائرن بجائے جا رہے ہیں۔ کاٹز کا کہنا تھا کہ ایران پر پیشگی حملے کے بعد توقع ہے کہ اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے جوابی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس سے شہریوں کو خطرات لاحق ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ ایران کے جوہری منصوبے کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا اور پہلے مرحلے میں ایرانی فوجی اور جوہری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوج نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی ادارے، اجتماعات اور دفاتر بند رکھے جائیں، اور صرف بنیادی سرگرمیاں جاری رہیں۔ ایک اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا اور اس کے وجودی خطرے کو ختم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے اور ایران کی اعلیٰ قیادت بھی ان حملوں کا ہدف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *