پاکستان نیوز پوائنٹ
اسلام آباد میں بغیر رجسٹریشن آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی،حکومت کا آن لائن رائیڈرز کے خلاف بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔فیصلے کے تحت ہر ڈرائیور، ہر گاڑی اور ہر بائیکیا کا مکمل ریکارڈ جمع کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے فوری رابطے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق غیر رجسٹرڈ بائیکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا، جبکہ تمام گاڑیوں اور بائیکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت کی جائے گی۔رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی مکمل ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی،اور اب بغیر مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے کوئی بھی ڈرائیور سواری لے جانے کا مجاز نہیں ہوگا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز ہو رہا ہے، اور جو رجسٹرڈ نہیں وہ اسلام آباد کی سڑکوں پر نہیں چلے گا۔
