پاکستان نیوز پوائنٹ
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکی عوام کے نام ایک اہم خط میں واضح کیا ہے کہ عام ایرانی عوام امریکا کے شہریوں کے خلاف کسی قسم کی دشمنی نہیں رکھتے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کو عالمی سطح پر خطرے کے طور پر پیش کرنا تاریخی حقائق کے منافی ہے اور یہ تاثر دراصل بعض طاقتور قوتوں کے سیاسی اور معاشی مفادات کا نتیجہ ہے۔ایرانی صدر نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ ایران کی قدیم تہذیب نے کبھی جارحیت کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ ہمیشہ مسلط کی گئی جنگوں کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کو بڑھایا، جبکہ اسرائیل ایران کو خطرہ ظاہر کر کے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران نے ماضی میں مذاکرات اور معاہدوں کی پاسداری کی، لیکن کشیدگی میں اضافہ اور معاہدوں سے علیحدگی کے فیصلے امریکا کی جانب سے کیے گئے۔ انہوں نے امریکی عوام سے اپیل کی کہ وہ یک طرفہ معلومات سے ہٹ کر حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کریں اور ایران کے بارے میں خود آگاہی حاصل کریں۔
