ایران کا جوہری معلومات پر امریکی انعامی اعلان کے خلاف اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے کو خط

پاکستان نیوز پوائنٹ
ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام دینے کے امریکی اعلان کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کو خط لکھ دیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر ایران نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خط میں عالمی اداروں سے امریکی اقدام کی مذمت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا ہے۔عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی پیشکش سے جاسوسی اور تخریب کاری کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ ایرانی جوہری تنصیبات سے وابستہ سائنسدانوں اور عملے کو بھی نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے آئی اے ای اے کے حفاظتی نگرانی کے نظام کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر امریکا کو جواب دہ ٹھہرائیں، جبکہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی سے بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو بورڈ آف گورنرز کے سامنے اٹھائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *