پاکستان نیوز پوائنٹ
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیل نے شدید فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بیروت کے علاقے بشورہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا اور علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ حملے سے قبل اسرائیل کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے، جبکہ یہ حملے دارالحکومت کے علاوہ جنوبی اور مشرقی علاقوں تک پھیل گئے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں محدود زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی زہرانی دریا اور صور کے قریب واقع کئی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر انخلا کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی شہر صور اور البرج الشمالی سمیت دیگر علاقوں میں بھی رات کے وقت حملے کیے گئے۔
