پاکستان نیوز پوائنٹ
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو مؤثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایاہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزم استحکام‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
