روس خلا میں ایٹمی ہتھیار بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے جرمن انٹیلیجنس کا دعویٰ

پاکستان نیوز پوائنٹ
جرمنی کی خفیہ ایجنسی بی این ڈی اور اس کے مغربی شراکت داروں نے خبردار کیا ہے کہ روس رواں سال کے اختتام سے قبل جوہری ہتھیار سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے۔مغربی انٹیلیجنس اداروں کے مطابق مبینہ سیٹلائٹ لانچ کے لیے تیار ہے اور اسے ماسکو کے نواحی علاقے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔جرمن نشریاتی اداروں این ڈی آر، ڈبلیو ڈی آر اور روزنامہ زوڈ ڈوئچے زائتونگ کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے منسلک سیٹلائٹ کو ’اسپوتنک ایس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مغربی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے نومبر کے دوران اس حوالے سے معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق نومبر کے اوائل میں شیئر کیے گئے انٹیلیجنس تجزیوں میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ سیٹلائٹ کو 60 دن کے اندر خلا میں روانہ کیا جاسکتا ہے۔ جرمن فوجی حکام دسمبر میں اس کی ممکنہ لانچنگ کو خارج از امکان نہیں سمجھتے اور ان کے مطابق مدار میں پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ فعال ہوسکتی ہے۔جرمن حکام کو خدشہ ہے کہ زمین کے نچلے مدار میں جوہری دھماکا ہونے کی صورت میں وہاں موجود سیٹلائٹس بڑے پیمانے پر تباہ ہوسکتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس کے نتیجے میں نیویگیشن، ٹیلی کمیونیکیشن اور موسم کی پیش گوئی کے نظام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ جرمنی اس نوعیت کی وسیع خلائی بندش سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ طور پر تیار نہیں ہوگا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جرمن مسلح افواج نے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس سمیت اہم سرکاری حکام کو اس معاملے پر بریفنگ بھی دی ہے۔دوسری جانب برلن میں روسی سفارت خانے نے ان رپورٹس میں بیان کیے گئے منصوبے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے روسی خلائی سرگرمیوں سے متعلق الزامات مسترد کردیے ہیں۔ سفارت خانے نے انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پروپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *