پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینی ریاست کے اعلانِ آزادی کی 38ویں سالگرہ پر فلسطینی صدر محمود عباس کے نام خط لکھ کر انہیں اور فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے خط میں فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت دہرائی۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار امن، آزادی اور وقار کے لیے ان کی جدوجہد اور امنگوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

