پاکستان نیوز پوائنٹ
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی یا ایران پر غیر ضروری مطالبات مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے انہیں معاہدے کی تمام شقوں اور شرائط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر فریقِ مخالف کی جانب سے بدنیتی، وعدہ خلافی، معاہدے کی خلاف ورزی یا حد سے زیادہ مطالبات سامنے آئے تو ایران دشمن کو سخت اور فیصلہ کن جواب دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ مخالف فریق کو ماضی میں جنگ کے دوران ایک مرتبہ سبق سکھایا جا چکا ہے، تاہم اگر وہ دوبارہ اسی راستے پر چلنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے اس بار پہلے سے بھی زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی اسپیکر نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور معاہدے کی شرائط کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
