پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق منعقدہ وزارتی کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔اسحاق ڈار نے مسجد اقصیٰ میں انتہاپسند اسرائیلیوں کی دراندازی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات پر قبضے اور ان کی حیثیت تبدیل کرنے کی تمام کوششیں ناقابل قبول ہیں اور عالمی برادری کو ان کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں فلسطینی خوراک، صاف پانی اور بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عرب اور مسلم ممالک کو متحد ہو کر مؤثر سفارتی اور سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غیرقانونی آبادکاری، قبضے اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی برقرار رکھے گا۔اسحاق ڈار نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان بورڈ آف پیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا
