پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان میں بہت اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور انہوں نے جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صحافی کے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی اچھے لوگ ہیں مجھے پاکستان سے محبت ہے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل کو اسی شکریہ کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر گفتگو جاری ہے۔ ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ انہوں نے کہا ’میں کہتا رہا ہوں کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔‘ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران ایٹمی ہتھیار کی صلاحیت سے صرف چند ہفتوں کی دوری پر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ سیز فائر نہیں بلکہ مکمل فتح چاہتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کو سب سے زیادہ جانتا ہے اور پاکستان موجودہ صورتحال سے خوش نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کو ”اسمارٹ“ قرار دیا اور کہا کہ دونوں بہت بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں۔
