پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا بڑا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ کے اعلان کے مطابق شہروں کو اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لیٹر پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔ مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیرا عظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ وزیراعظم نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ ان غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا شدید عالمی معاشی بحران کا شکار ہے۔ پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے جنگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ وعدہ ہے کہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔
