پاکستان نیوز پوائنٹ
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور مسابقتی منزل بنانا ایک اجتماعی قومی مقصد ہے. جس کے حصول کے لیے کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اور کانوں سمیت کان کنوں کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔آرمی چیف نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ملکی معدنی دولت کو مؤثر اور کارآمد بنا کر طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معدنی شعبے کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کا مقصد محض خام مال کی برآمد تک محدود رہنا نہیں ہے، بلکہ ملک کے اندر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ کی پوری ویلیو چین تعمیر کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی خود انحصاری کے لیے خام برآمدات کے بجائے ویلیو ایڈڈ ترقی کی طرف بڑھنا ناگزیر ہے، اور اس کے لیے محض صلاحیت کے اظہار سے پیداوار اور وعدوں سے عملی اقدامات کی جانب سفر کرنا ہوگا۔معدنی وسائل کی تلاش اور ترقی کے سماجی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معدنی ترقی کے ثمرات براہ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں اور ان علاقوں کے لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آنی چاہیے جہاں یہ وسائل موجود ہیں۔انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔آرمی چیف نے اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی سے معدنی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

