پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز کی حکومت نے برباد ہو چکی معیشت کو بحال کرنے کے لئے تین سال تک اپنے ساتھ عوام کا بھی خوب عرق نکالا لیکن آج نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے ضمن میں بڑی پیش رفت کر کے عوام کو سرپرائز دے دیا۔ نئے بجٹ میں تنخواہ دار شہریوں کے لئے ٹیکس میں نمایاں کمی کر دی گئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپنی بجٹ تقریر میں انکم ٹیکس میں کمی کا سرپرائز دیتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار شہریوں کیلئے تمام ٹیکس سلیبز میں کمی کر دی گئی ہے۔ چھ سے بارہ لاکھ تنخواہ ٹیکس کی شرح 1 فیصد ہو گی۔ بارہ لاکھ آمدن پر ٹیکس کی رقم 30 ہزار روپے سے کم کر کے 6 ہزار کی جا رہی ہے۔ بائیس لاکھ تک تنخواہ پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد مقرر کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔ 22 سے 32 لاکھ روپے تنخواہ پر ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 23 فیصد کر دی گئی ہے۔
