پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے طویل ملاقات ہوئی،ملاقات 2گھنٹے تک جاری رہی،دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات جدہ کے قصر اسلام میں ہوئی، وزیراعظم کے پہنچنے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے ملاقات کے دوران ایران امریکا مذاکرات سے متعلق گفتگو کی، خطے میں امن و استحکام کے امور پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب نے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ولی عہد نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے بتایا ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
