پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی ٹی اور اس سے منسلک خدمات کے شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے بھی ترجیحی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی، اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مرکز بنایا جائے اور ان زونز میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے قیام کے لیے قانونی شقوں کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام یقینی بنانے کے لیے قانون پر نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی تکنیکی تربیت سے نوجوانوں کو عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روزگار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔ اجلاس میں علی بابا کے اشتراک سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ علی بابا حکومتِ پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے، جن میں سے 21 فعال جبکہ 11 زیرِ تعمیر ہیں۔ ان زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری آ چکی ہے، جبکہ مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے زیرِ غور ہیں۔ تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ان زونز میں اپنے دفاتر قائم کر لیے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں 5G سروسز کے اجرا پر پیش رفت تسلی بخش ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔ آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے کی کارکردگی پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی برآمدات جون 2026 تک 4.6 ارب ڈالر رہیں، جبکہ جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران 1.24 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ فری لانسرز کی برآمدات جون 2026 تک 1.165 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اجلاس کو انٹرنیٹ کی رفتار، فکسڈ براڈبینڈ، موبائل انٹرنیٹ، 4G کوریج اور اسمارٹ فونز تک رسائی میں بہتری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تربیت کے شعبے میں بتایا گیا کہ ڈیجی اسکلز پروگرام کے تحت جون 2026 تک 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد تربیت مکمل کر چکے تھے، جبکہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران تربیتی سرگرمیوں میں مزید پیش رفت جاری رہی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، چوہدری سالک حسین، مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔



