وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آسٹریا کی فیڈرل چانسلری آمد پر پرتپاک خیر مقدم

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا آسٹریا کی فیڈرل چانسلری آمد پر پر تپاک خیر مقدم کیا گیا، وزیراعظم کے اعزاز میں آسٹرین چانسلری میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے،آسٹریا کے چانسلر کرسچئین اسٹاکر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ان کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیر اعظم نے آسٹرین چانسلر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔آسٹریا کے چانسلر نے کابینہ کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے اپنے وفد کے ارکان کو آسٹریا کے چانسلر کرسچئین اسٹاکر سے متعارف کرایا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف آسٹرین چانسلر کرسچئین اسٹاکر سے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘کے موضوع پر خصوصی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *