پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے خصوصی پیغام لے کر تہران روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کرغزستان کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جہاں پہنچتے ہی ان کی انتہائی اہم سفارتی مصروفیات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی آج ہی ایران کے دارالحکومت تہران کے لیے روانہ ہوں گے، تہران روانگی سے قبل وزیر داخلہ کی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو تہران میں ہونے والے مذاکرات کے ایجنڈے اور حساس امور کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے اس ہنگامی دورہ تہران کے دوران ایران کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے، جس میں وہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے ایک خاص اور خصوصی پیغام بھی لے کر جا رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق خطے کی موجودہ بدلتی ہوئی صورتحال اور پاک-ایران تعلقات کے تناظر میں وزیر داخلہ کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
