وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی انتظامی اصلاحات پر باتیں انتہائی غور طلب اور وقت کی ضرورت ہیں عبد العلیم خان

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی( آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی انتظامی اصلاحات اور حکومتی امور کے حوالے سے جو اہم باتیں کی ہیں، وہ انتہائی غور طلب اور وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ صدر آئی پی پی نے کہا ایکس پر بیان میں کہا کہ میں یہ بات کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پیچیدہ انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر ہر صوبے کو انتظامی بنیادوں پر تین تین حصوں میں تقسیم کر دینا چاہیے۔ ​اب وقت آگیا ہے کہ موجودہ چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ کے نام سے تین تین صوبوں( انتظامی یونٹس) میں تقسیم کیا جائے۔ اس طرح سے کسی بھی صوبے کا نام تبدیل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، جس سے تمام علاقوں کی تاریخی و ثقافتی شناخت مکمل طور پر برقرار رہے گی اور نئے انتظامی یونٹس بننے سے عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو سکے گا۔ عبد العلیم خان نے کہا کہ ​اس وقت شہریوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے سرکاری و قانونی کاموں کے لیے سینکڑوں کلومیٹر کا لمبا،تھکا دینے والا اور خوار کن سفر کر کے صوبائی دارالحکومتوں تک جانا پڑتا ہے،اگر اس طرح سے نئے انتظامی یونٹس بن جائیں اور عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہونا شروع ہو جائیں، تو آخر اس سے کسی کو کیا تکلیف ہو سکتی ہے؟ ہاں، اگر کسی کی ‘بادشاہت’ میں کمی آتی ہے تو وہ ایک الگ بات ہے، لیکن پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، جس میں بادشاہت کی کوئی گنجائش نہیں،​ان نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے لوگوں کو یہ طویل اور دشوار سفر نہیں کرنا پڑے گا، صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور ہائی کورٹس جیسے اہم ادارے عوام کو زیادہ مؤثر اور فوری انصاف و خدمات فراہم کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ​گزشتہ کئی دہائیوں سے نئے صوبوں کے قیام کی بات صرف سیاسی نعروں تک محدود رہی ہے لیکن اب وقت ہے کہ تمام سیاسی بصیرت کو ایک پیج پر لا کر اس وژن کو حقیقت کا روپ دیا جائے، نئے انتظامی صوبے ملک کو تقسیم نہیں کریں گے بلکہ قومی یکجہتی کو مضبوط، معیشت کو مستحکم اور تمام علاقوں میں ترقی کو متوازن بنائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *