پاکستان نیوز پوائنٹ
پارلیمنٹ کے عالمی دن کے موقع پر صدر و وزیراعظم نے خصوصی پیغام جاری کئے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام میں مرکزی مقام رکھتی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن جامع طرز حکمرانی کو فروغ دینے میں پارلیمان کے اہم کردار کو واضح کرتا ہے،ہماری پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام میں مرکزی مقام رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ قانون سازی کے اختیارات کے ذریعے احتساب، ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صنفی مساوات اور سماجی تحفظ کو آگے بڑھانے کے لیے پارلیمان کا کردار اہم رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں،ہماری پارلیمان نے امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لئے کام کیا، جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے بعد پارلیمانی وفد نے عالمی فورمز پر ہمارے نقطہ نظر کو پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئیے، آج کے دن، ہم پارلیمانی اداروں کی مضبوطی، جمہوری اقدار کے تحفظ کا عزم کریں، ہم قانون سازی میں شہریوں کی آواز کی صحیح معنوں میں عکاسی کویقینی بنانے کاعزم کرتے ہیں۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئینی اقدارکی نگہبان ہوتی ہے، ہم جمہوریت، آزادی، شمولیت کے اصولوں پرکاربند رہیں گے۔ رواداری، معاشی و سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ قومی پالیسی کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، پارلیمنٹ شفافیت وجوابدہی کو یقینی بنانے، پارلیمنٹ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں کردار ادا کرتی ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس اہم دن کے موقع پرمیں پارلیمان کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، پارلیمان طرز حکمرانی موثر، جمہوری ادارے موثر بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے، پارلیمان شفاف، جامع اور عوامی شراکت پرمبنی طرزحکمرانی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا تحفظ کریں، پارلیمان عوامی احتساب کو یقینی بنانے کیلئے موثرنگرانی کا سلسلہ جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ آئیے، ایسا پاکستان تعمیرکریں جہاں جمہوریت فروغ پائے، ادارے مضبوط ہوں۔
