پاکستان نیوز پوائنٹ
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور کسی بیرونی طاقت کو اس کی خودمختاری اور آزادی کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست کو دفاع کے ساتھ قوم میں بے خوفی کا جذبہ بھی پیدا کرنا ہوگا۔گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کئی دہائیوں سے جنگوں اور تنازعات کا سامنا کیا ہے، ہم ایسے خطے میں رہتے ہیں جہاں ہر طرف جنگیں، کشیدگی اور تباہی کے مناظر دیکھنے کو ملتے رہے ہیں۔حالیہ جنگ کے دوران وہ خود موجود تھے اور لوگوں، طلبہ اور اپنے حلقہ انتخاب کے عوام سے مسلسل رابطے میں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ایک ایسی جگہ پر واقع ہے جہاں ہر دہائی میں کسی نہ کسی جانب جنگ یا کشیدگی دیکھنے کو ملتی ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں۔ایسے حالات میں ریاست اور قوم کو خوف کے بجائے بے خوفی کے جذبے کے ساتھ اپنے دفاع اور خودمختاری کا تحفظ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان کو یہ احساس برقرار رکھنا چاہیے کہ وہ ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی آزادی کے تحفظ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ملک احمد خان نے کہا کہ ریاست جب سیکیورٹی اور دفاع سے متعلق کوئی ذمہ داری اٹھاتی ہے تو یہ ذمہ داری صرف ریاست تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ معاشرے میں بھی اس سوچ کو فروغ دینا ضروری ہے۔ریاستی پالیسی اور اقدامات کے ساتھ عوام میں بھی یہ شعور اجاگر کیا جانا چاہیے کہ دفاعی صلاحیت اور قومی یکجہتی کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے مکہ میں ہونے والے سیکیورٹی معاہدے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں دوست ممالک کے ساتھ تعاون اور باہمی سیکیورٹی کے اقدامات کی اپنی اہمیت ہے۔
پاکستان خودمختار ریاست کسی بیرونی طاقت کو آزادی چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ملک محمد احمد خان
