پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے افغان حکام پڑوسی ملکوں کے سکیورٹی خدشات دور کریں اسحاق ڈار

پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور اپنے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے۔ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بامعنی پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کریں۔ انہوں نے دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنا اور ایک محفوظ و مستحکم ماحول قائم کرنے کو علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان مکالمے، کشیدگی میں کمی اور دیرپا علاقائی استحکام کی حمایت میں اپنی یہ سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے پیش نظر علاقائی روابط مزید مستحکم بنانے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود مختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون تنظیم کے رہنما اصول ہیں۔ نائب وزیراعظم کے مطابق جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث خطہ منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے جہاں اہم منڈیاں، وافر قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی برتری کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی، خطے کی معاشی ترقی کے لیے اقدامات اور مشترکہ طور پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ضروری ہے جبکہ باہمی تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس سے پہلے اجلاس کے آغاز پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمانوں کا استقبال کیا، مہمان وفود کے سربراہان کی آمد کے بعد یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *