پاکستان نیوز پوائنٹ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے امریکی حملوں اور بحری ناکہ بندی کو روکنا ضروری ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے جرمن وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا،انہوں نے عمان کے ساتھ جاری مشاورت سے بھی جرمن ہم منصب کو آگاہ کیا۔ عباس عراقچی کے مطابق عمان کے ساتھ مشاورت کا مقصد آبنائے ہرمز سے محفوظ بحری آمدورفت کے لیے ایک محفوظ راستہ متعین کرنا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ آبنائے ہرمز میں بدامنی کی واحد وجہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت ہے،انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں پیدا ہونے والے سکیورٹی اور معاشی اثرات پر امریکی حکمرانوں کو جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ بنانے کے لیے خطے میں جاری جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ اور کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے
