پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے عمانی ہم منصب سید بدر بن حمد البوسعیدی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات پاکستان اور عمان کے آٹھویں مشترکہ وزارتی اجلاس سے قبل ہوئی، دونوں رہنماؤں نے قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ علاقائی صورتحال، امن اور استحکام کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پربھی زور دیا گیا۔ عمانی وزیر خارجہ نے کی علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کیلئے عمان کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا ، دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ کا پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، عمانی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ عمانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے سدا بہار تعلقات کا مظہر ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک عمان تعلقات تاریخی، دوستانہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں. عمانی ہم منصب کی آمد سے سفارتی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے عمان کا کردار انتہائی قابل تحسین ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عمانی شراکت داری کو تجارتی و معاشی شعبوں میں فعال بنانے کیلئے پرامید ہے. پاکستان عمانی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گا، امید ہے یہ دورہ دونوں ممالک کے متعدد شعبوں میں تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔
