ایرانی فوجی کمانڈر کی امریکا کو سخت وارننگ؛ ہر حملے کا تباہ کن جواب دینے کا اعلان

پاکستان نیوز پوائنٹ
ایران کی خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے بیان میں امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے بڑا شیطان، مجرمانہ، دھوکے باز اور غدار دشمن قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اگر امریکا نے کسی نئی فوجی کارروائی کا آغاز کیا تو اسے پہلے سے کہیں زیادہ سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی کمانڈر کے مطابق حالیہ فوجی جھڑپوں میں ناکامی کے بعد مخالف قوتیں اب ایرانی عوام اور قیادت کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم ایسی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔میجر جنرل علی عبداللہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج، عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ بیرونی دباؤ اور ممکنہ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیت ہی ملک کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک امن، سلامتی اور خودمختاری کی ضامن ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *