پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وزیر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”ایک وزیر آج کل روزانہ ٹیلی وژن پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے۔ لیکن جس دن میں نے جواب دیا وہ وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔ لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈھائی سال سے وہ اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں ۔لیکن جس دن انہوں نے ان وزیر کے خلاف تبصرہ کیا تو وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔محسن نقوی نے اپنی گفتگو کے دوران ان وزیر کا نام نہیں لیا۔کاروباری افراد پر تنقید سے متعلق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں جن کاروباری افراد پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں۔ وہ بزنس مین وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدے دار تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ وہ بزنس مین پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتے ہیں؟واضح رہے کہ کاروباری افراد سے متعلق گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ایک بیان دیا تھا۔سینئر صحافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ صوبوں سے متعلق معاملہ اس وقت بگڑا ہے جب صوبوں کی بحث کا آغاز ایک ’اقتصادی فورم‘ سے ہوا اور وہ ہمارے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کیا۔یاد رہے کہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی نظام ڈھ گیا ہے جسے بچانے کے لیے ’نئی انتظامی یونٹس کہیں یا صوبے‘ بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد نئے صوبوں کی بحث چھڑی جو ملکی سیاسی منظرنامے پر دن بدن زور پکڑتی جا رہی ہے۔رانا ثنا اللہ کے بقول اس اقتصادی فورم کے شرکا میں کچھ قابلِ اعتراض کاروباری افراد بیٹھے تھے جن میں سے کچھ کا تعلق کراچی اور کچھ کا پنجاب سے ہے۔ رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ ”ان (بزنس مینوں) کی تاریخ رہی ہے کہ ہر دور میں آنے والے حکمران اور آرمی چیف کو یہ کہتے ہیں کہ بس ساری دنیا آپ کی طرف دیکھ رہی ہے اور آپ ہی نجات دہندہ ہیں اور آپ کب آئیں گے۔“رانا ثنا اللہ کے مطابق سابق آرمی چیف راحیل شریف کے دور میں بھی یہ تحریک چلی تھی اور اس کے پیچھے بھی ایسے ہی لوگ تھے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری افراد سے مراد کاروباری برادری نہیں۔ ”کاروباری برادری میں بہت اچھے اور محب وطن لوگ سیاست سے بالاتر ہو کر کاروبار اور قوم کی خدمت کرتے ہیں۔“انہوں نے دعویٰ کیا کہ چند لوگ ایسے ہیں جو کاروبار میں بھی ’واردات‘ کرتے ہیں اور ادھر بھی ”واردات ڈالتے رہتے ہیں“۔اس پروگرام میں رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ اقتصادی فورم میں صوبوں کی بحث کا جو آغاز ہوا تھا وہ ان کے بقول غلط بات نہیں تھی۔ صوبوں کی بحث کا آغاز ہونا چاہیے تھا لیکن اس بحث کو کچھ اور چیزوں میں الجھا دیا گیا۔ ”کہا گیا کہ سسٹم ڈھ گیا ہے۔ اس کے بعد وزیرِاعظم اور سیاست دانوں کے اوپر بات کی گئی۔“اپنی گفتگو کے دوران رانا ثنا نے کہا کہ ”اس معاملے پر ہماری طرف سے بھی کچھ چیزوں کا جواب بنتا تھا جو ہم نے دیا۔ اس کے بعد جب ہماری طرف سے بات ہوئی تو اُن (وفاقی وزیر) کی طرف سے وزیرِ اعظم کو یقین دلایا گیا کہ اُن کا کوئی ایسا مطلب نہیں تھا، وہ بات سے بات نکلی ہے۔“رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بات آئی بلاول بھٹو زرداری پر کہ انہوں نے جو پریس کانفرنس کی اس میں غلطی کو دوہرایا اور انہوں نے صوبوں کی مخالفت کے ساتھ آئینی ترامیم، الیکشن، خصوصی نشستوں اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے متعلق بات کی اور کہا کہ کراچی میں اتنا کچرا نہیں ہے جتنا خون بہہ جائے گا۔ بھائی بھائی کا گلا کاٹے گا، یہ بالکل غیر ضروری بات تھی۔ لیکن انہوں نے سب باتوں کو اس طرف کردیا۔ انہوں نے صوبوں کی بحث کو اس طرف الجھا دیا۔پروگرام میں صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ آپ کی کیا اطلاع ہے کہ صدر زرداری نے بلاول بھٹو زرداری اور محسن نقوی کی صلح کرائی ہے؟ تو اس کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ “دونوں اُن کے بیٹے ہیں، دونوں ان کے ڈسپلن میں ہیں، ان سے باہر نہیں ہیں۔ میں تو کل بھی عرض کیا تھا کہ صدر زرداری سے گزارش کی جائے کہ جناب ان کو بلا کر، بھٹا کر سمجھائیں۔ ایک نے صوبوں کی حمایت کرنی ہے وہ ضرور کریں۔ یہ بحث ہونی چاہیے۔ ایک صحت مندانہ گفتگو ہونی چاہیے۔ دوسرے نے مخالفت کرنی ہے تو بالکل اسے بھی اجازت ہے کہ وہ مخالفت کرے۔ لیکن ان اعتراضات میں دوسری چیزوں کو لانے اور اس بحث کو آلودہ کرنے میں کیا حاصل ہے۔یاد رہے کہ رانا ثنا اللہ اس سے قبل بھی یہ متنازع بیان دے چکے ہیں۔ 3 روز قبل ہی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے محسن نقوی اور بلاول بھٹو کے بارے میں ایسے ہی کلمات کہے تھے۔محسن نقوی کے صدر زرداری کے ڈسپلن میں ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ”جی بالکل ہیں۔ ابھی تک انہوں (آصف زرداری) نے عاق تو نہیں کیا ان کو۔ وہ ان کو اپنا بیٹا کہتے ہیں اور یہ کوئی ایسی بات نہیں ہے کہ ہم کہہ رہے ہیں یا کوئی اور کہہ رہا ہے۔ وہ خود کہتے ہیں۔

