بیروت پر حملوں کا جواب ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دیے

پاکستان نیوز پوائنٹ
بیروت پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب میزائل داغ دیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران کی طرف سے متعدد میزائل فائر کیے گئے، جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوج کے مطابق میزائل حملوں کا پتا چلتے ہی حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے، جبکہ سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے میزائل حملوں کا دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتوار کو اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملے کیے تھے، جن میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایرانی حکام پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ لبنان کے دارالحکومت پر حملوں کی صورت میں جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ وہ لبنان پر حملے بند کرے، بصورت دیگر اسے مزید سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *