پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 22 سال بعد دوبارہ شادی کرلی ہے۔ 52 سالہ جمائما 62 سالہ آئرش نژاد کاروباری شخصیت اور ملٹی ملینئر فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔جمائما کی دوسری شادی کی خبر ان کے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے شادی کی تصدیق کی، جبکہ ان کی اہلیہ جن کا نام بھی جمائما جونز ہے، انہوں نے انسٹاگرام پر شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑے کو مبارکباد دی۔جمائما کی بھابھی نے تصویر کے ساتھ لکھا، ’’جمائما اور کیمرون کی شادی کا جشن، میری پسندیدہ شخصیت کے ساتھ، کیا خوشی کا دن ہے۔‘‘اطلاعات کے مطابق شادی ایک نجی تقریب میں ہوئی اور جوڑے نے اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ سے زیادہ نجی رکھنے کو ترجیح دی ہے۔ شادی کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں سال مئی میں جمائما اور کیمرون کی منگنی کی اطلاعات منظرعام پر آئی تھیں۔جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلموں اور ڈاکیومنٹریز سے متعلق پیشہ ورانہ کام کے دوران ہوئی۔ کیمرون او ریلی متعدد فلموں اور ڈاکیومنٹریز میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔قریبی ذرائع کے مطابق دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی محبت میں تبدیل ہوئی۔ ایک ذریعے نے بتایا تھا کہ وہ بطور جوڑا ایک سال سے کچھ زیادہ عرصے سے ساتھ تھے اور کیمرون اپنی نجی زندگی کو منظرعام سے دور رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ جمائما بھی ان کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق دونوں کچھ عرصے سے سوئٹزرلینڈ میں کیمرون کی رہائش گاہ اور مغربی لندن میں جمائما کے گھر کے درمیان وقت ساتھ گزارتے تھے۔ جمائما کے خاندان کے کئی افراد، جن میں ان کے بھائی رابن برلی بھی شامل ہیں، کیمرون سے مل چکے ہیں اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
