حوثیوں کا جنگ بندی کیلئے 51 ارب ڈالر کا مطالبہ سعودی عرب نے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ مسترد کر دی

پاکستان نیوز پوائنٹ
سعودی عرب نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کی تردید کی ہے .جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ساتھ جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کے بدلے سعودی عرب سے 51 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہے۔مشرق وسطیٰ میں 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی تھی. جس کے اثرات یمن تک بھی پہنچے۔ جولائی میں حوثیوں کی جانب سے ایک ایرانی طیارے کو یمن میں اترنے کی اجازت دینے کے واقعے کے بعد سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کرگئی۔ یمنی حکومت نے اس کے جواب میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا. جس کے بعد دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور یمن کی خانہ جنگی میں 2022 میں ہونے والی جنگ بندی بھی ختم ہوگئی۔وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے حوثیوں سے رابطہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ جاری لڑائی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے ذریعے جنگ بندی کی کیا شرائط ہوسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے اس کے بدلے 51 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا جبکہ وہ یمن کے حکمرانوں کے طور پر باضابطہ تسلیم کیے جانے کے خواہش مند بھی ہیں۔تاہم سعودی نائب وزیر برائے عوامی سفارت کاری اور سفیر رائد کریملی نے حوثیوں کے مطالبات سے متعلق ان دعووں کو دوٹوک انداز میں مسترد کردیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ تمام باتیں خبر لکھنے والوں یا ان کے مبینہ ذرائع کی من گھڑت کہانیاں ہیں۔سعودی عہدیدار نے مزید کہا کہ ان ملیشیاؤں نے یمنی حکومت کے خلاف بغاوت کی، یمنی عوام کو قحط کا شکار کیا اور ملک کو ایسے تنازعات اور ایجنڈوں میں دھکیلا جو یمن اور اس کے عوام کے مفاد میں نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر کے تجارتی راستوں میں تجارتی جہازوں، شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور امن کی تمام کوششوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے خبر لکھنے والوں کو یہ بھی یاد دلایا کہ یمن کی ایک تسلیم شدہ حکومت موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *