سندھ میں سولر ہوم سسٹم کی تقسیم اور تنصیب کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت 18.2 ارب روپے کے سولر ہوم سسٹم منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا،اس موقع پر سیدمرادعلی شاہ نے کہاکہ 2 لاکھ 75 ہزار غریب خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں، سستی اور پائیدار توانائی غریب خاندانوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے،منصوبے پر 18 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ سندھ کوبتایاگیاکہ 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جائیں گے،ایک لاکھ 32 ہزار آف گرڈ اور ایک لاکھ 43 ہزار آن گرڈ صارفین مستفید ہوں گے،ہر خاندان کو 180 واٹ سولر پینل، لیتھیم بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں بتایاگیاکہ اب تک 11 ہزار 571 سولر ہوم سسٹم نصب کیے جا چکے ہیں،گھوٹکی،عمرکوٹ،شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور کراچی میں تنصیب جاری ہے,منصوبہ اپریل 2025 میں شروع کیاگیااور جون 2027 تک مکمل ہوگا.اجلاس میں بتایاگیاکہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے محفوظ صارفین آن گرڈ منصوبے میں شامل ہوں گے،دوردراز، کچے، کوہستانی اور صحرائی علاقوں کے غریب خاندان آف گرڈ منصوبے میں شامل ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے،قومی توانائی و ٹرانسپورٹ کارپوریشن سولر کٹس فراہم کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے سولر کٹس کی تقسیم شفاف، منصفانہ اور مؤثر انداز میں یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ غریب خاندانوں کی زندگی بہتر بنانے کا ذریعہ ہے،دوردراز علاقوں کے مستحق خاندانوں کو ترجیح دی جائے، سولر کٹ توانائی کی محرومی میں کمی اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، تنصیب کے معیار، تکنیکی معاونت اور دیکھ بھال کی مسلسل نگرانی اورمنصوبے پر عملدرآمد مزید تیزکی جائے۔سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر مزیدکہاکہ قابلِ تجدید توانائی اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح کے لیے سندھ حکومت پرعزم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *