صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد کی ملاقات ہوئی ۔ وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی، برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر وزیراعظم کی گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے معاشی ایجنڈے کا ہم حصہ ہیں، پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔ وفد کے شرکاء نے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا ۔ وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفد نے پسماندہ اور متوسط طبقے کے لیے “وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت آسان شرائط پر قرضہ اسکیم کے اجراء کا خیر مقدم کیا۔ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں اصلاحات، پی ائی اے کی کامیاب نجکاری، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور ای-انوائسنگ جیسے اقدامات پر وفد نے وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرے اکانومی کو ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات کے ذریعے فارمل اکانومی کے دائرہ کار میں لانے کے لیے کاروباری برادری حکومت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ مشاورتی اجلاس میں ایف پی سی سی ائی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام اباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کی صدور سمیت اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی ار اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *