پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے تربیت حاصل کرنے والے اے ایس پیز کی ملاقات کی ۔افسران نے چین اور ترکیہ کے جدید پولیسنگ نظام، سرویلنس سسٹمز، جدید ٹیکنالوجی، آلات کے استعمال اور امن و امان کے انتظام سے متعلق اپنے مشاہدات سے آگاہ کیا۔اے ایس پیز نے غیرملکی تربیتی کورسز کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک بہترین تجربہ قراردیا۔ محسن نقوی نے غیرملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پرلا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر کے قیام کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جہاں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اورسمری ٹرائل ایک ہی چھت تلے ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ معمولی نوعیت کے مقدمات کا فوری اورمؤثر تصفیہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جدید پولیسنگ ماڈلز، ٹیکنالوجی اورسرویلنس سسٹمز سےاستفادہ کرتے ہوئے پولیس نظام کومزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز شامل کیے جائیں گے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی میں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن رومز قائم ہوں گے، انٹیروگیشن کو بطور اسپیشلائزڈ مضمون متعارف کرایا جائے گا، جبکہ پولیس کے لیے آپریشنل ضروریات سے ہم آہنگ نئی یونیفارم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے
