محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 24/7 نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی لاہور کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے خدمات کی فراہمی میں لگنے والے وقت، عملے کے رویے اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا، محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر بھی گئے اور شہریوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر شہریوں نے ٹوکن کے حصول کے لیے باہر انتظار کرنے کی شکایات کیں، تاہم سنٹر کے اندر انتظامات اور تیز رفتار خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹوکن کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے، لیکن سنٹر کے اندر چند ہی منٹوں میں کام مکمل ہو جاتا ہے، بعض شہریوں نے بتایا کہ انہیں صرف 10 منٹ میں اپنی باری مل گئی، جبکہ ایک بزرگ شہری نے عملے کے تعاون اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چند منٹ میں ان کا کام مکمل ہوگیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سنٹر کے اندر بہترین انتظامات اور شہریوں کو فوری خدمات کی فراہمی پر نادرا عملے کو شاباش دی، انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ٹوکن کے حصول کے دوران انتظار کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو سنٹر کے اندر فراہم کی جانے والی تیز رفتار خدمات کی طرح ٹوکن کے حصول کے مرحلے میں بھی سہولت فراہم کی جا سکے، انہوں نے بعض شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور بلا تاخیر خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہریوں کا اعتماد اور مثبت فیڈ بیک ہی کسی ادارے کی کامیابی کا اصل معیار ہے۔ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسی جذبے سے کام جاری رکھا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *