وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات 2025 سموگ میں کمی اور فضائی معیار میں نمایاں بہتری کا سال قرار

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلی مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کے نتیجے میں سال 2025 سموگ میں کمی اور فضائی معیار میں نمایاں بہتری کا سال ثابت ہوا۔ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے بعد پہلی بار لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پارٹیکولیٹ میٹر کی اوسط سطح میں 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ تمام صوبوں کے مقابلے میں پنجاب نے ماحولیاتی شعبے میں سب سے بہترین کارکردگی دکھائی اور پارٹیکولیٹ میٹر میں 33.2 فیصد کمی دیکھی گئی۔ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں ماحولیاتی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا، 81 ہزار سے زائد وزٹس اور ایک لاکھ 13 ہزار سے زیادہ انسپکشنز کی گئیں۔ اس دوران 7,900 سے زائد نوٹس جاری کیے گئے، ہزاروں صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ 2300 سے زائد ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ جرمانوں کی مجموعی رقم بڑھ کر 19 کروڑ 20 لاکھ روپے تک پہنچ گئی جبکہ 4 لاکھ 19 ہزار کلو سے زائد مضر مواد بھی ضبط کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اینٹوں کے بھٹوں، فیکٹریوں اور کنسٹرکشن سائٹس پر سخت چیکنگ کی گئی جبکہ 2200 سے زائد واٹر ری سائیکلرز اور مسٹ اسپرنکلرز نصب کیے گئے۔ لاہور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی سطح 102 سے کم ہو کر 89 تک آ گئی جبکہ اینٹی سموگ گنز کے استعمال سے فضائی آلودگی میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف مؤثر اقدامات کیے گئے اور واٹر باؤزر یونٹس کو متحرک کیا گیا۔ 67 واٹر باؤزرز کی مدد سے آگ پر فوری قابو پایا گیا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی صاف ترین بڑے شہروں میں شامل ہو گیا جہاں PM2.5 کی سطح 50 سے کم ہو گئی۔ اسی طرح ملتان، بہاولپور، لودھراں اور منڈی بہاؤالدین میں بھی فضائی معیار میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلی بار جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور فیلڈ ایکشن کو یکجا کر کے سموگ کے خلاف جامع حکمت عملی اپنائی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ صنعتی دھوئیں، زہریلے اخراج اور گردوغبار کے خلاف سخت مہم، اینٹوں کے بھٹوں کی زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی، وہیکل ٹیسٹنگ اور کنسٹرکشن سائٹس پر کنٹرول نے فضائی معیار کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے اور پنجاب حکومت کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ماحولیاتی تحفظ کا مثالی صوبہ بن رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 2026 میں پنجاب ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں اپنی کارکردگی کا ریکارڈ خود توڑے گا، انشاء اللہ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *