پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے اور بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ جن ایس ایم ایز کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انہیں قرضوں کی فراہمی کے لیے اس ڈیٹا کو ضمانت کے طور پر زیر غور لایا جائے۔ انہوں نے ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کاروباروں کو قرضوں کے ساتھ ساتھ لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔ مقررہ قرضوں کے اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض لینے والے کاروباروں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ اور ریاض حسین پیرزادہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے چیف ایگزیکٹو افسران سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی




